بھارتی اسٹینڈ اَپ کامیڈین اور نامور آرٹسٹ سنجے راجوڑا کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ کوئی دونوں ممالک (پاکستان اور بھارت) کے درمیان انگیٹھیاں سُلگا کر اپنے لیے روٹیاں سیک رہا ہے۔
حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کرنے والے بھارتی کامیڈین نے ایشیا کپ 2023 پاکستان میں نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت ہاکی بھی کھیلتے ہیں، کبڈی بھی کھیلتے ہیں لیکن سمجھ نہیں آتا کرکٹ کھیلنے میں کیوں آگ لگ جاتی ہے؟
میزبان تابش ہاشمی نے کامیڈین سے ان کی پہلی اور ناکام محبت کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ بھلے اس نے مجھے دھوکا دے دیا لیکن ہمیں ایسی عورتوں کا شکرگزار ہونا چاہیے کہ انہوں نے ہمیں جانور سے انسان بنا دیا، کیونکہ میری شخصیت میں جو بھی مثبت تبدیلیاں یا سوچنے کا زاویہ بہتر ہوا ہے وہ اسی کی وجہ سے آئی ہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے کے مردوں کو چاہئے کہ ان کی زندگی میں آنے والی ایسی خواتین کو سراہیں۔
پروگرام ہنسنا منع ہے، کے حاضرین میں موجود ایک شخص نے سوال کیا کہ آپ شادی کیوں نہیں کر رہے تو بھارتی کامیڈین نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میں اتنا متاثر کُن نہیں ہوں اس لئے نہیں ہو رہی۔
پروگرام کے حاضرین میں موجود ایک طالب علم نے سوال کیا کہ ’کیا کبھی آپ کے اسٹیج شو کے دوران ایسا ہوا ہے کہ حاضرین میں موجود کسی شخص نے کوئی جملہ ایسا کہا ہو کہ شو کی لیم لائٹ وہ لے گیا ہو؟‘
سوال کا جواب دیتے ہوئے بھارتی کامیڈین نے دعویٰ کیا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا اور جس دن ایسا ہوگیا اس دن اسٹیج چھوڑ دوں گا۔