اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے امریکا کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
تصور عباس کی آخری لمحات میں شاندار بیٹنگ نے پاکستان کو ممکنہ شکست سے بچایا۔ پاکستان نے 251 رنز کا ہدف 9 وکٹ پر 41ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ کے پہلے میچ میں یو ایس اے ویٹرنز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44.3 اوورز میں 250 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، محمد فرح نے ایک چھکے اور دس چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
جواب میں پاکستان کے چار کھلاڑی 26 رنز پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعدر کپتان مصباح الحق نے ٹیم کو سنبھالا، اُنہوں نے 64 رنزبنائے، طارق ہارون نے بھی ان ساتھ دیتے ہوئے 43 رنز اسکور کیے۔
آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے تصور عباس نے 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کو ایک وکٹ سے فاتح بنوادیا، اُن کی اننگز میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔