امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی کیخلاف آئندہ ہفتے شہر کے 100 مقامات پر احتجاج کا اعلان کردیا۔
جماعت اسلامی نے پیٹرول مہنگا کرنے کے خلاف کراچی میں 15 مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے۔
جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرے شارع فیصل پر نرسری، اسٹار گیٹ، ملینیم مال، واٹر پمپ، فائیو اسٹار چورنگی، لی مارکیٹ، کورنگی کالا پل، شیر شاہ پراچہ چوک اور سہراب گوٹھ سمیت دیگر مقامات کیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے شارع فیصل نرسری پر مظاہرے سے خطاب کیا اور کہا کہ حکومت عوام کو خودکشی پر مجبور نہ کرے، پیٹرول سستا کیا جائے، نگراں حکومت الیکشن کراکے گھر جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ سارے عوام بیرون ملک نہیں جاسکتے، مہنگائی کے معاملے پر ہمارے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک ایک وزیر کے پاس کئی کئی گاڑیاں ہیں، افسران کےلیے بلٹ پروف گاڑیاں ہیں جبکہ عوام سڑکوں پر لٹ رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا کہ عوام ڈاکوؤں کے نشانے پر ہیں جبکہ میئر کراچی بلٹ پروف گاڑی مانگ رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ آٹا اور چینی مافیا کو بے نقاب کیا جائے، ملک میں بجلی اور پیٹرول اشرافیہ کو مفت دیا جا رہا ہے۔ حکمرانوں کا پروٹوکول، مفت پیٹرول اور مفت بجلی بند کی جائے، ایسا نہ کیا گیا تو آئندہ ہفتے شہر کے 100 مقامات پر احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں، مہنگائی ختم کی جائے، کراچی کے عوام کو قوم اور زبان کی بنیاد پرتقسیم نہیں کیا جاسکتا۔