• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان نے ڈی آئی جی آپریشنز کے اختیارات محدود کردیے

دائیں ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد ندیم بخاری، بائیں آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان
دائیں ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد ندیم بخاری، بائیں آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد اکبر ناصر خان نے ڈی آئی جی آپریشنز کے اختیارات محدود کردیے۔

آئی جی اسلام آباد نے 25 اگست کو تمام ڈی آئی جیز اور ایس پیز کو مراسلہ جاری کیا۔

مراسلے میں کہا گیا کہ ڈی آئی جی آپریشنز سپروائزری عہدہ ہے، ایس ایچ اوز کی تعیناتی ایس ایس پی آپریشنز کریں گے۔

مراسلے کے مطابق اسلام آباد ضلع ہے، آئی جی کے کردار کی وضاحت پولیس آرڈر 2002 میں کی گئی ہے، پولیس آرڈر 2002 کے مطابق پولیس کا انتظام آئی جی اسلام آباد کے پاس ہے۔

مراسلے کے متن میں کہا گیا کہ تحقیقات اور یونٹس میں کسی اختلاف کی صورت میں آئی جی کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ اسٹینڈنگ آرڈر جاری کردہ تمام دیگر احکامات، ایس او پی اور پالیسیز کو منسوخ کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز متعدد اجلاسوں میں شہر میں بڑھتےجرائم کی نشاندہی کرچکے ہیں۔ 

ذرائع نے بتایا کہ آئی جی اکبر ناصر خان کی چھٹی کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز نے 4 ایس ایچ اوز کو تبدیل کیا تھا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے اس اقدام پر آئی جی نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

آئی جی اسلام آباد نے ایس ایس پی آپریشنز کو ترقی کیلئے کورس پر جانے سے بھی روک دیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید