ایشین فٹ بال کنفیڈیشن (اے ایف سی) کے میچ کمشنر کیمل توکابیو نے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد کا دورہ کیا۔
پاکستان اور کمبوڈیا کے ورلڈ کپ کوالیفائر ہوم لیگ کے سلسلے میں اے ایف سی میچ کمشنر اسٹیڈیم پہنچے۔
اس موقع پر رکن نارملائزیشن کمیٹی محمد شاہد نیاز کھوکھر اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے عہدیداران بھی ہمراہ تھے۔
کیمل توکابیو نے جناح اسٹیڈیم کا اندرونی اور بیرونی جائزہ لیا اور جاری تزین و آرائش کے کام کا بھی معائنہ کیا۔ وہ کل پنجاب اسٹیڈیم لاہور کا بھی دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اے ایف سی میچ کمشنر نے اسلام آباد کے وینیو پر بعض اعتراضات کیے ہیں اور گول پوسٹ کا معیار بہتر کرنے اور سخت پلیئنگ پچ کو سافٹ کرنے کو کہا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس بی نے وینیو پر تمام چیزیں 10 اکتوبر تک ریڈی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
پاکستان اور کمبوڈیا کے ورلڈ کپ کوالیفائر ہوم لیگ کے حوالے سے وینیو کا حتمی فیصلہ فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔
ورلڈ کپ 2026ء کوالیفائرز ہوم لیگ میں پاکستان اور کمبوڈیا کا میچ 17 اکتوبر کو ہوگا۔