قطر نے رواں ہفتے امریکا اور ایران کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کرکے ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق بات چیت کی۔
ایران اور امریکا کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل میں ثالثی کے بعد قطر دونوں ملکوں میں تہران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق بات چیت کا ماحول تیار کرنا چاہتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقاتیں پیر اور منگل کو نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈلائن پر ہوئیں۔
مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے ایک سفارتکار نے کہا کہ رواں ہفتے مزید دو طرفہ ملاقاتیں ہوں گی۔
سفارتکار کا کہنا تھا کہ یہ ملاقاتیں کسی ٹھوس مذاکرات کا ماحول تیار کرنے کیلئے ابتدائی بات چیت کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات چیت ایران اور امریکا کے درمیان مستقبل میں ایٹمی پروگرام کے مسئلے پر ایک سمجھوتے اور بلاواسطہ مذاکرات کیلئے راہ ہموار کرنے کی غرض سے کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے پیر کو بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب بات سب سے اہم مسئلے یعنی ایران کے نیوکلیئر پروگرام کی ہو تو ہم سمجھتے ہیں کہ سفارتکاری ہی موثر نتائج حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم فی الوقت اس معاملے پر کام نہیں کر رہے لیکن دیکھیں گے کہ مستقبل میں اس کے کیا مواقع ملتے ہیں۔