بھارت میں شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کا جامع پلان تیار کرلیا گیا۔
اس حوالے سے سیکیورٹی آفیسر کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میچز کے دوران ملٹی لیئر سیکیورٹی ہوگی، اسٹیڈیم تک شائقین کی آمد کو آسان بنانے کے انتظامات کیے گئے ہیں اور ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کا پلان بھی تیار ہے۔
پولیس کمشنر وینوئے کمار کا کہنا ہے کہ ہر سیکیورٹی لیئر کا ایک الگ مقصد ہوگا، ہر لیئر میں سیکیورٹی اہلکاروں کی مخصوص تعداد ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ ہر سیکیورٹی لیئر پر شائقین کی چیکنگ ہوگی، ایک مخصوص ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اسٹیڈیم میں پارکنگ کو دیکھے گی، میچز سے قبل بھی اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں بھی چیکنگ ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی ادارے اور مقامی ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مکمل رابطے کے لیے کمیونیکیشن سسٹم ترتیب دیا جائے گا۔
ورلڈ کپ کے موقع پر ہوٹل سے اسٹیڈیم تک ٹیموں کے لیے محفوظ راستہ بنایا جائے گا۔
پونے سمیت کئی اسٹیڈیمز شہر سے دور واقع ہیں جس کی وجہ سے جامع پلان ترتیب دیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہورہا ہے۔