نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے، بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو دہشت گردی بشمول بھارت جیسی ریاستی دہشت گردی کو ختم کرنا ہوگا، ہندوتوا جیسے نظریات نے ہی اسلاموفوبیا کو دنیا میں بڑھایا ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے لیئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے، بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے، اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی قراردادوں پر عمل کرنا چاہیے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان سے کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش پاکستان میں دہشت گرد حملے کر رہے ہیں، کابل ان حملوں کو روکنے میں پاکستان کی مدد کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور او آئی سی نے اسلاموفوبیا جیسے مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، باہمی احترام، عزت اور مساوات ہی سے دنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے، دہشتگردی سے نمٹنےکیلئے گلوبل اینٹی ٹیررازم اسٹریٹجی بنائی جائے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ فلسطینی سرزمین پر بھی دیرپا امن کا قیام ضروری ہے، مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن دو ریاستی حل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔