• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے پاس سال میں مہنگائی کم کرنے کا سسٹم ہے، خورشید شاہ کا دعویٰ

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے پاس سسٹم موجود ہے سال میں مہنگائی کم ہوسکتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران خورشید شاہ نے کہا کہ میاں صاحب نے میثاق جمہوریت کے بعد بھی معاہدے کی بہت خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن اس سے پہلے بھی دسمبر اور رمضان میں ہوئے ہیں، جنوری کے آخری ہفتے کا کہا گیا بہتر ہوتا کہ تاریخ دے دیتے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کی تاریخ دے دیتے تو شکوک اور شبہات جنم نہ لیتے، میثاق جمہوریت کے بعد بھی میاں صاحب نے معاہدے کی بہت خلاف ورزی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ 2014ء میں ہم نے میثاق جمہوریت کا پاس رکھا اور اپوزیشن میں رہتے ہوئے جمہوریت کا دفاع کیا۔

خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ سب کو حق ہے کسی کے ساتھ بھی اتحاد کرے، ہم لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیمیں اس وقت صرف پنجاب اور خیبرپختونخوا میں چل رہی ہیں، یہ زیادتی ہے کہ نگراں حکومت آتے ہی سندھ میں ترقیاتی کام روک دیے گئے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ اس لیے ن لیگ سے مانگ رہے ہیں کہ ان کے 7 سینئر اور ایکٹیو ممبر بیوروکریسی میں ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید ہوئے ہم نے کہا کہ پہلے جمہوریت چاہیے، بینظیر بھٹو شہید ہوئیں، ہم نے کہا کہ جمہوریت کی شکل میں انتقام چاہیے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہمارا نعرہ وہی ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، معیشت کو بہتر کرنا چاہیے، ہمارے پاس سسٹم موجود ہے سال میں مہنگائی کم ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو علم ہے کہ مہنگائی کیسے روکی جاتی ہے عوام کو کیسے ریلیف دیا جاتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید