چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن (این سی ایس ڈبلیو) نیلوفر بختیار نے رانی پور میں مبینہ تشدد سے ہلاک ہونے والی کمسن فاطمہ کے گھر والوں سے ملاقات کی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں نیلوفر بختیار نے کہا کہ مرکزی ملزم اسد شاہ کی بیوی ملزمہ حنا شاہ کی گرفتاری اہم پیشرفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، شواہد اور وڈیوز موجود ہیں، بچی کے جسم پر نشانات موجود ہیں۔
چیئرمین این سی ایس ڈبلیو نے مزید کہا کہ بچی پر صرف تشدد نہیں ہوا بلکہ متعدد بار ریپ بھی ہوا ہے، چاہتے ہیں ملزمان کو سخت سے سخت سزا ملے۔
یاد رہے کہ نامزد ملزمہ حنا شاہ نے منگل کو ایک ماہ بعد گرفتاری دی ہے، اسے کل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ایک اور گرفتار ملزم فیاض شاہ کو عدالت میں پیشی کے دوران پروٹوکول دینے پر تفتیشی افسر بچل قاضی کو معطل کر دیا گیا۔
تفتیشی افسر نے فیاض شاہ کو پولیس موبائل میں اپنے ساتھ بٹھایا تھا، جب کہ ملزم کے ہاتھ میں ہتھکڑی کے بجائے موبائل فون موجود تھا۔