• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے گھوڑہ گھاٹ کے ایک گھر میں راکٹ کا گولہ پھٹ گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق راکٹ کا گولہ بچوں کو زرعی زمین سے ملا تھا۔

ایس ایس پی روحل کھوسو نے بتایا ہے کہ تفتیش کے مطابق بچے راکٹ کا گولہ گھر لے آئے تھے جو دھماکے سے پھٹ گیا۔

روحل کھوسو کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے آئی جی سے رپوٹ طلب کر لی

دوسری جانب نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کندھ کوٹ میں راکٹ پھٹنے پر آئی جی سے رپوٹ طلب کر لی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے  جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔

جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کا کہنا ہے کہ راکٹ لانچر زنگی سبزوئی گوٹھ میں کیسے پہنچا، کوئی اسلحے کی کھیپ کچے میں اسمگل ہو رہی تھی؟

نگراں وزیرِ اعلیٰ نے آئی جی پولیس سے سوال کیا ہے کہ کیا گوٹھ میں ڈکیتوں کے سہولت کار موجود ہیں؟ راکٹ کیسے بلاسٹ ہوا؟ تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

گورنر سندھ نے نوٹس لے لیا

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کندھ کوٹ میں گھر میں راکٹ پھٹنے کا نوٹس لے لیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے آئی جی سندھ اور کمشنر لاڑکانہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق کامران ٹیسوری نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثاء سے اظہارِ تعزیت کیا۔

قومی خبریں سے مزید