ملک میں نئی مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے بعد کراچی میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی حلقہ بندی کے نتیجے میں کراچی ساؤتھ میں قومی اسمبلی کی ایک نشست کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
پہلے کراچی ساؤتھ لیاری اور ڈیفنس کی دو نشستوں پر مشتمل ہے نئی حدبندی کے تحت صدر، کلفٹن، اولڈ ایریا، فریئر ٹاؤن وغیرہ کو ملا کر قومی اسمبلی کی ایک اور نئی نشست قائم کی جا رہی ہے۔
اس طرح کراچی کی قومی اسمبلی کی مجموعی نشستیں 22 ہوجائیں گی۔ ذرائع کے مطابق نئی مردم شماری کے بعد کراچی کی آبادی میں اضافے کے نتیجے میں سندھ اسمبلی کی تین نشستوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
صوبائی اسمبلی کی یہ 3 نشستیں کراچی سینٹرل، کراچی شرقی اور کراچی ملیر میں بڑھائی جا رہی ہیں۔ اب کراچی کی قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 22 جبکہ کراچی کے سات اضلاع میں سندھ اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 47 ہوگی۔
اس سے قبل قومی اسمبلی میں کراچی کی نشستوں کی تعداد 21 اور سندھ اسمبلی میں 44 تھی۔