• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ قوتیں ریاست میں طرز زندگی تبدیل کرنا چاہتی ہیں، رضا ربانی

کراچی (این این آئی) قائم مقام صدر اور چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہاہے کہ کچھ قوتیں دہشت گردی کے ذریعہ ریاست کے طرز زندگی کو تبدیل کرنا چاہتی ہیں لیکن امجد صابری کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے ان قوتوں کے منہ پر طمانچہ مارا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم آخری دم تک اپنے مذہب اور اپنی روایات کا دفاع کریں گے اور دہشت گردی پھیلانے والوں کے مقاصد کو ناکام بنائیں گے ۔ عبدالستار ایدھی کا مشن  انسانیت کی خدمت ہے ۔ وفاقی حکومت سے کہوں گا کہ عبدالستار ایدھی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے نام کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی عیادت اور معروف قوال امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ میاں رضا ربانی نے  امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی ۔ میڈیا سے بات چیت میں میاں رضا ربانی نے کہاکہ کچھ قوتیں جو یہ سمجھتی ہیں کہ شاید وہ دہشت کے ذریعے ریاست کے طرز زندگی کو تبدیل کرسکیں گے، انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے عوام نے جس طریقے سے صابری صاحب کی شہادت کے بعد ان کے جنازے میں شرکت کی اور جس طرح پورا ملک اشکبار ہوا وہ ان قوتوں کے منہ پر کھلا طمانچہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ صوبائی اور وفاقی حکومت باہمی تعاون کے ذریعے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔اس سے قبل چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی سینیٹرز طاہر مشہدی، سعید غنی اور شاہی سید کے ہمراہ ایدھی ہوم پہنچے جہاں انہوں نے عبدالستار ایدھی کی عیادت کے دوران کہاکہ دنیا بھر میں ایدھی صاحب جیسی مثال بہت کم ہی ملے گی۔ انہوں نے اپنی زندگی کو جس کام کے لیے وقف کیا وہ ایک مثال ہے جب کہ چیئرمین سینیٹ نے عبدالستارایدھی کے پیرکوہونے والے آپریشن کے حوالے سے کہا کہ ساری قوم ان کے لیے دعا گو ہے کہ ان کا آپریشن کامیاب ہو اور وہ جلد صحت یاب ہوں۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی انسانیت کے لیے وقف کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے بیرون ملک علاج سے انکار کرکے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے ۔ 
تازہ ترین