پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے سیاستدانوں کی ایمانداری پر سوال اٹھادیا۔
کوہاٹ میں پی ٹی آئی پی کے جلسے سے خطاب میں پرویز خٹک نے کہا کہ اگر سیاسی لوگ ایماندار ہوتے تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔
انہوں نے دوران جلسہ استفسار کیا کہ ہم کب تک کھوکھلے نعروں کے پیچھے بھاگیں گے؟
سابق وزیر دفاع نے مزید کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) ویسٹرن روٹ میں نے منظور کیا تھا، ہم ہی نے 18 لاکھ عوام کو مفت صحت کارڈ مہیا کیے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے نئے پاکستان کا جھوٹا نعرہ لگایا اور ملک کو تباہ کردیا۔
پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ دیگر سیاسی رہنماؤں سمیت چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی پاکستان کو قرضوں میں جکڑ دیا، ہمیں چیئرمین پی ٹی آئی سے بہت امیدیں تھیں، مگر وہ صرف امیدیں ہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پی نعروں کے لیے نہیں آئی، ہم ایمانداری سے عوام کی خدمت کریں گے، جنوبی اضلاع بہت پسماندہ رہ گئے ہیں، ان کے لیے بہت کچھ کرنا ہے۔
سابق وزیر دفاع نے کہا کہ کرپٹ حکمران کبھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کرسکتا۔