استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے عمران خان پر اسٹیٹ سیکریٹ کے غلط استعمال کا الزام لگادیا۔
لاہور سے جاری بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سائفر اپنے پاس رکھا اور اسٹیٹ سیکریٹ کا غلط استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’جہاں کی اینٹ وہیں پر ٹھیک‘ سائفر کیس چالان کا خلاصہ ہے، عمران خان نے شاید سائفر کو سیاسی رائفل سمجھ کر اپنے پاس رکھا تھا۔
فردوس عاشق اعوان نے عمران خان کو اناڑی تک کہہ دیا، اُن کا کہنا تھا کہ یہ سائفرنما رائفل اناڑی نے اپنے آپ پر ہی چلالی ہے، اب اس رائفل کے دیے زخموں سے خون رسنا شروع ہوچکا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ قومی راز قومی وقار اور تشخص کےحامل ہوتے ہیں، چئیرمین پی ٹی آئی اینڈ کمپنی سے یہ سنگین گناہ سرزد ہوا ہے۔