• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے ساتھ منگنی کی تصویر شیئر کردی

دلیپ کمار اور سائرہ بانو اپنی منگنی کے موقع پر مسکراتے ہوئے، تصویر بشکریہ: سوشل میڈیا
دلیپ کمار اور سائرہ بانو اپنی منگنی کے موقع پر مسکراتے ہوئے، تصویر بشکریہ: سوشل میڈیا

بالی ووڈ کی اپنے زمانے کی حسین ترین اور باصلاحیت اداکارہ سائرہ بانو نے 1960 اور 1970 کے عشرے کے دوران فلم بینوں کے دلوں پر راج کیا۔

چند ماہ قبل سائرہ بانو نے فوٹو شیئرنگ سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام جوائن کیا، تب سے وہ اپنی اور برصغیر پاک و ہند کے ہندی سنیما کے عہد ساز اداکار دلیپ کمار (یوسف خان) کی نایاب تصاویر پوسٹ کرنے کے ساتھ اپنی زندگی کے وہ لمحات جو انہوں نے دلیپ کمار کے ساتھ گزارے ان سے متعلق واقعات بھی سامنے لا رہی ہیں۔ 

اسی حوالے سے آج انہوں نے اپنی اور دلیپ کمار کی منگنی کے دن کی بعض نایاب تصاویر شیئر کیں اور اس موقع پر پیش آنے والے دلچسپ واقعات کا بھی ذکر کیا۔ 

ایک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں آپس میں ہاتھ ملا رہے ہیں جب کہ دوسری تصویر میں وہ اکٹھے کیمرے کے سامنے پوز دے رہے ہیں۔ 

سائرہ بانو نے اس موقع پر تحریر کیا کہ 23 اگست 1966 کی تاریخ میرے دل کے قریب اور بہت عزیز ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ اس دن دلیپ صاحب میرے گھر آئے اور انہوں نے مجھے میری سالگرہ کی مبارکباد دی۔

جبکہ اگلے دن انہوں نے میری نانی شمشاد عبدالولی خان سے میرا رشتہ مانگا اور اس کے بعد 2 اکتوبر کو ہماری منگنی کی گھریلو تقریب ہوئی اور میری دلی تمنا کہ میں ان کی اہلیہ بنوں وہ پوری ہوئی۔

واضح رہے کہ دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی 11 اکتوبر 1966 کو شادی ہوئی اس وقت سائرہ بانو کی عمر 22 اور دلیپ کمار  44 برس کے تھے۔ دلیپ کمار 7 جولائی 2021 کو اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید