غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے آپریشن کیا گیا ہے۔
راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے مطابق غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف آپریشن کے دوران چکری روڈ پر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تعمیرات اور بنکرز گرادیے گئے ہیں۔
آر ڈی اے حکام کے مطابق غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف زمینوں پر قبضوں کی شکایات ملی تھیں جس پر یہ آپریشن کیا گیا۔
آر ڈی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شہری غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کریں۔
راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کی جانب سے ہاؤسنگ اسکیموں کے مالکان اور اسپانسرز کو نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا اس معاملے سے متعلق کہنا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف 345 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
کمشنر لیاقت علی چٹھہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں 270 افراد کے خلاف مقدمات درج جبکہ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے جرم میں 274 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔