انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے ہرادیا۔
حیدر آباد دکن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے جیت کیلئے 352 رنز کا ہدف دیا، لیکن پاکستان کی ٹیم 337 رنز بناسکی۔
کپتان بابر اعظم نے90 رنز کی عمدہ اور جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے 2 چھکے اور 11 چوکے لگائے، وہ اپنی اننگز سے دستبردار ہوگئے۔
افتخار احمد نے 4 چھکوں کی مدد سے 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ محمد نواز نے 50، فخرزمان نے 22، حسن علی اور امام الحق نے 16، 16 رنز بنائے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 351 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے گلین میکسویل77، کیمرون گرین نے ناقابل شکست 50، ڈیوڈ وارنر اور جوش انگلس نے 48، 48 رنز کی باری کھیلی جبکہ مارنس لبوشین 40، مچل مارش 31 اور اسٹیو اسمتھ 27 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کے اسامہ میر نے 2، محمد وسیم، حارث روف، شاداب خان اور محمد نواز نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔
آج کے وارم اپ میچ میں نائب کپتان شاداب خان کپتانی کر رہے ہیں جبکہ بابر اعظم ممکنہ طور پر صرف بیٹنگ کریں گے اور محمد رضوان کو آرام دیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان کو اپنے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ کا پہلا باقاعدہ میچ 5 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔