• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: انصاف ہاؤس کے باہر پولیس اہلکاروں پر حملہ

کراچی انصاف ہاؤس— فائل فوٹو
کراچی انصاف ہاؤس— فائل فوٹو

کراچی میں انصاف ہاؤس کے باہر سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں اور اسلحہ چھیننےکی کوشش بھی کی۔

اس واقعے سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے گشت پر مامور موبائل پر بھی پتھراؤ کیا، مزید نفری آنے پر حملہ آور پتھراؤ اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 20 سے 25 تھی، سرچنگ کے دوران 30 بور پسٹل اور 4 راؤنڈ برآمد ہوئے، واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، واقعہ ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں پیش آیا۔

واقعے کا مقدمہ درج

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ تھانہ ٹیپو سلطان میں اے ایس آئی شمعون دانیال کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ ہنگامہ آرائی، پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے اور تشدد کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

درج مقدمے کے متن کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار 20 سے 25 افراد انصاف ہاؤس کے باہر آئے، ملزمان نے انصاف ہاؤس کے باہر نعرے بازی کی، نامعلوم افراد ڈنڈوں، لاٹھیوں اور آتشی اسلحہ سے لیس تھے۔

درج مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، ملزمان نے اہلکار عادل الرحمٰن پر تشدد کیا اور وردی پھاڑ دی، اضافی نفری پہنچنے پر ملزمان موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔

درج مقدمے کے متن کے مطابق سرچنگ کے دوران 30 بور پستول اور 4 راؤنڈ ملے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید