بھارت میں ایک شوہر نے خود ہی اپنی بیوی کی شادی دوسرے شخص سے کرا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ماضی میں ایک دوسرے کو پسند کرنے والے جوڑے نے شوہر کو قتل کر کے لاش کے ٹکڑے کر دیے تھے جبکہ ایک اور واقعے میں شوہر کو قتل کرنے کے لیے اجرتی قاتل کا سہارا لیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اب انہی واقعات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اور اپنی زندگی کو محفوظ بنانے کے لیے ایک شخص نے خود ہی اپنی بیوی کی شادی اس کی پسند کے شخص سے کرا دی۔
اس موقع پر خاتون کا پہلا شوہر بطور گواہ شادی میں شریک بھی ہوا۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سنت کبیر نگر کے گاؤں کٹار جوٹ کے رہائشی ببلو نامی شخص نے 2017ء میں گورکھ پور ضلع سے تعلق رکھنے والی رادھیکا نامی لڑکی سے شادی کی تھی اور ان کے 2 بچے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ببلو دوسری ریاست میں مزدوری کرتا ہے اور اسے پتہ چلا کہ اس کی بیوی کا تقریبا ڈیڑھ سال سے اس کے گاؤں کے وکاس نامی شخص کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا۔
ببلو نے اپنی بیوی کو بتائے بغیر گاؤں واپس آنے کا فیصلہ کیا اور پھر معلومات کی تصدیق کرنا شروع کر دیں۔
گاؤں کے رہائشیوں کے مطابق شک کی تصدیق ہونے پر ببلو نے اپنی بیوی سے جھگڑا یا بحث نہیں کی، اس نے گاؤں کے بزرگوں کو اس معاملے سے آگاہ کیا اور فیصلہ کیا کہ خاتون اپنی پسند کے لڑکے سے شادی کر لے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ببلو نے رادھیکا کی شادی ہندو رسم و رواج کے مطابق مندر میں کرائی اور گواہ بن کر عدالت میں شادی کو قانونی طور پر درج بھی کرایا۔
یہی نہیں ببلو نے رادھیکا کے ساتھ اپنے دونوں بچوں کو بھی اپنے ساتھ رکھنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ وہ اکیلے ہی ان کی پرورش کرے گا۔
بھارتی میڈیا نے ببلو سے ایسا کرنے کی وجہ پوچھی تو اس نے جواب دیا کہ میں نے خود کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے ان کی شادی کرانے کا فیصلہ کیا۔
ببلو نے کہا کہ حال ہی میں ہم نے ایسے واقعات دیکھے جن میں شوہروں کو ان کی بیویوں نے قتل کیا، میرٹھ میں جو کچھ ہوا اسے دیکھنے کے بعد میں نے اپنی بیوی کی شادی کرانے کا فیصلہ کیا تاکہ ہم دونوں سکون سے رہ سکیں۔