• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: میاں بیوی حادثے میں جاں بحق، ملزم کا 3 دن کا جسمانی ریمانڈ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

کراچی میں گاڑی کی ٹکر سے میاں بیوی کے جاں بحق ہونے کے کیس میں ملزم انیق کو 3 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں شارع فیصل پر گاڑی کی ٹکر سے میاں بیوی کے جاں بحق ہونے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

گرفتار ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے کار کی ٹکر سے 2 لوگوں کو ہلاک کیا ہے۔

عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ آپ کی عمر کیا ہے؟  ملزم نے بتایا کہ میری عمر 16 سال ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی عمر 17 سال ہے۔

کراچی کی مقامی عدالت نے ملزم انیق کی صحیح عمر کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ گاڑی کا مالک کہاں ہے اسے بھی پیش کیا جائے اور بتایا جائے کہ مالک نے ایک نابالغ کو گاڑی کیوں دی؟

ملزم نے عدالت میں بیان دیا کہ گاڑی میرے دوست کی تھی اور اسے میں چلا رہا تھا۔

مدعیٔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سڑکوں پر ریس لگا رہا تھا۔

اس پر ملزم کے وکیل نے کہا کہ اگر ملزم ریس لگا رہا تھا تو دوسری گاڑیاں کہاں ہیں؟

عدالت نے وکلاء کی آپس میں تلخ کلامی پر برہمی کا اظہار کیا۔

قومی خبریں سے مزید