وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے انٹرپول سیکشن نے پنجاب پولیس کو مطلوب تین خطرناک ملزمان کو ابوظبی سے گرفتار کر کے اسلام اباد منتقل کردیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان میں مسعود حسین، محمد سلیم اور محمد عمر شہزاد شامل ہیں۔ ملزم مسعود حسین جہلم، ملزم محمد سلیم بہاولپور جبکہ ملزم محمد عمر شہزاد ٹوبہ ٹیک سنگ پولیس کو مطلوب تھا۔
ملزمان کے خلاف ڈکیتی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایف آئی اے انٹرپول نے ریڈ نوٹسز جاری کئے تھے۔ بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن نے ملزمان کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ این سی بی انٹرپول پاکستان سے بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لئے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔