کراچی کے میئر اور چیئرمینز کو ڈی ڈی او پاورز دیے جانے کا نوٹیفکیشن سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن، چیف سیکریٹری سندھ سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 12 اکتوبر تک جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار نہال لاشاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 3 اکتوبر کو بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، ضمنی الیکشن سے قبل بلدیاتی نمائندوں کو مالی اختیارات فراہم کرنا بدنیتی ہے۔
نہال لاشاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا ہے کہ مالی اختیارات دیے جانے کے بعد بلدیاتی نمائندے ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، اس سے قبل مالی اختیارات میونسپل کمشنر اور ٹرانزیشن افسران کے پاس تھے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ضمنی الیکشن شفاف بنانے کے لیے بلدیاتی نمائندوں کو مالی اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔