ڈاکٹر اشرف چوہان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی صحت کو اب بھی مسائل در پیش ہیں، انہیں سفر میں مشکل ہوگی۔
نواز شریف کے معالج ڈاکٹر اشرف چوہان نے لندن میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو سفر میں مشکل ہوگی، زیادہ تفصیل نہیں بتا سکتے، ان کی واپسی کنفرم ہے، جو بھی ہوگا وہ اس کیلئے تیار ہیں۔
ڈاکٹر اشرف چوہان نے کہا کہ نواز شریف کے طبی معائنہ کے بعد ابھی ایک دوا تجویز کی ہے، پلٹ لیٹس سے متعلق نواز شریف کا علاج مستقل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا برطانیہ میں قیام تک علاج جاری رہے گا، ان کے سفر کو آرام دہ بنانے کی کوشش ہے، سابق وزیراعظم کے ساتھ واپس وطن جاؤں گا۔
یاد رہے کہ نومبر 2019 میں نواز شریف کو علاج کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت ملی تھی۔
شہباز شریف نے انڈر ٹیکنگ دی تھی کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ جمع کراتے رہیں گے۔ آخری مرتبہ یکم فروری 2022 کو نواز شریف کی رپورٹ جمع کرائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ نواز شریف نے 21 اکتوبر کو وطن واپس پہنچنے کا اعلان کیا گیا ہے۔