• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی: ایران کا او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

ایران نے مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال پر اسلامی تعاون کی تنظیم کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصر کنانی کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اسلامی تعاون کی تنظیم کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔

ایران نے اسرائیل پر حماس کے حملوں میں ملوث ہونے سے متعلق پھیلی خبروں کو بھی تردید کی ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل حماس نے جوابی ایکشن کرتے ہوئے عرب اسرائیلی جنگ کی پچاسویں سالگرہ پر علی الصبح پہلی بار غزہ سے بیک وقت بری، بحری اور فضائی کارروائی کی تھی۔

حماس نے اسرائیل کے جنوبی شہروں میں فوجی اڈوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ’آپریشن الاقصیٰ طوفان‘ کے تحت فلسطینی مجاہدین کی بڑی تعداد غزہ کی سرحد پر موجود باڑ ہٹاتے ہوئے زمینی راستے سے اسرائیل کے شہر اشکلون سمیت جنوبی شہروں میں داخل ہوئی جبکہ سمندری راستے اور پیراگلائیڈرز کی مدد سے بھی متعدد حماس ارکان نے حملہ کیا۔

اسرائیل نے ان حملوں میں بریگیڈ کمانڈر سمیت 700 سے زیادہ اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ حماس سے پہلے دن کی لڑائی میں 30 اہلکار مارے گئے۔

اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، اسرائیلی حملوں میں غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 436 ہو گئی ہے، 2 ہزار سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے غزہ میں فضائی حملوں کے نتیجے میں1 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید