انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان اور بھارت کے ہائی وولٹیج میچ کی سیکیورٹی کے معاملے پر احمد آباد پولیس کمشنر گیانیندرا سنگھ ملک سامنے آگئے۔
احمد آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پاک بھارت میچ کی سیکیورٹی کے معاملے پر پولیس کمشنر گیانیندرا سنگھ ملک نے پریس کانفرنس کی۔
انہوں نے کہا کہ ای میل کے ذریعے ملے والی دھمکیوں کا جائزہ لے رہے ہیں، 14 اکتوبر کے پاک بھارت میچ کے لیے پولیس نے پوری طرح تیاریاں کر رکھی ہیں۔
احمد آباد پولیس کمشنر نے مزید کہا کہ ٹریفک و دیگر معاملات کے لیے اضافی پولیس تعینات کی جا رہی ہے، پاک بھارت میچ کے لیے 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ 4 ہزار ہوم گارڈز کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں، 4 ایڈیشنل اور جوائنٹ کمشنرز، 21 ڈی سی پی رینک کے افسران بھی میچ والے دن تعینات ہوں گے۔
گیانیندرا سنگھ ملک نے یہ بھی کہا کہ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، کی ٹیمز کو بھی سیکورٹی دینے کی درخواست کی ہے، یہ ٹیمیں کیمیکل، بائیولوجیکل، ریڈیو لوجیکل اور نیوکلیئر دھمکیوں کی بھی نشاندہی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی 9 اور اینٹی ڈرون ٹیم کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں، پاک بھارت میچ کے لیےہماری پوری تیاری ہے۔