بھارت میں فلسطین کے حق میں ریلی نکالنے پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے 4 طالب علموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلب علموں کی فلسطین کے حق میں ریلی نکالنے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر بھارتی سیاسی رہنماؤں کے اعتراضات اُٹھائے جانے کے بعد پولیس حرکت میں آ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس ریلی میں شریک علی گڑھ یونیورسٹی کے 4 طالب علموں کے خلاف سول لائن پولیس اسٹیشن نے ایف آئی آر درج کی ہے جبکہ ریلی میں شریک دیگر کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 100 طلبہ ریلی نکالنے کے لیے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس کے ڈک پوائنٹ پر جمع ہوئے اور وہاں سے فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے اور اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں پر جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے سید گیٹ تک مارچ کرنے لگے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے 4 طالب علموں کے خلاف یہ مقدمہ ایک بین الاقوامی مسئلے پر یونیورسٹی انتظامیہ سے اجازت لیے بغیر ریلی نکالنے پر درج کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ابھی تک صرف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور فی الحال کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔