ایندھن کا بحران ہے یا انتظامی مسائل ہیں، قومی و نجی ایئر لائن کی متعدد پروازیں تاحال منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے تربت کی پروازیں پی کے 501 اور پی کے 502 منسوخ کر دی گئیں۔
منسوخ ہونے والی قومی ایئر لائن کی 8 پروازوں میں کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 302 اور لاہور سے کراچی کی پی کے 303، کراچی سے کوئٹہ کی پرواز پی کے 310 اور واپسی کی پی کے 311، کراچی سے اسلام اباد کی پی کے 368 اور واپسی کی پی کے 369 بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایندھن نہ ملنے سے پی آئی اے کی بیرونِ ملک متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
لاہور سے دمام جانے والی پرواز پی کے 247 کی روانگی میں پونے 8 گھنٹے جبکہ دبئی کراچی کی پرواز پی کے 208 کی روانگی میں 7 گھنٹے کی تاخیر متوقع ہے۔
اس کے علاوہ لاہور سے ریاض کی پرواز پی کے 725 کی روانگی میں 9 گھنٹے 25 منٹ اور جدہ اسلام اباد کی پرواز پی کے 742 کی آمد میں ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر متوقع ہے۔
قومی ایئر لائن کے ساتھ ساتھ مختلف نجی ایئر لائنز کی کراچی، لاہور، اسلام آباد سے متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں۔
سول ایوی ایشن اٹھارٹی ذرائع کے مطابق کراچی سے اسلام آباد کی ایئر سیال اور سیرین ایئر کی مختلف پروازیں پی ایف 121، پی ایف 122 اور ای آر 502 بالترتیب منسوخ کر دی گئیں۔
ایئر سیال کی کراچی سے لاہور کی پروازیں پی ایف 143 اور پی ایف 144 اور لاہور سے کراچی کی پرواز پی ایف 146 بھی منسوخ کر دی گئیں۔
ایئر بلو کی اسلام آباد سے جدہ جانے والی پرواز کی روانگی میں پونے 2 گھنٹے کی تاخیر متوقع ہے، پرواز پی اے 270 اب شام 7 بج کر 20 منٹ پر جدہ روانہ ہو گی۔
ایئر بلو ہی کی کراچی سے دبئی کی پرواز پی اے 110 کی روانگی میں بھی 1 گھنٹہ 5 منٹ تاخیر متوقع ہے جبکہ سرین ایئر کی کراچی سے جدہ جانے والی پرواز کی روانگی میں ساڑھے 10 گھنٹے کی تاخیر متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اب پرواز ای آر 811 نئے شیڈول کے مطابق رات 9 بج کر 25 منٹ پر جدہ کے لیے روانہ ہو گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے یومیہ ادائیگی نہ ہونے پر قومی ایئر لائن پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن کی فراہمی بند کر دی ہے۔
پی آئی اے پر پی ایس او کے 26 ارب روپے کے واجبات ہیں، ایندھن کی فراہمی کی مد میں 2 کروڑ روپے ادا کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد اہم روٹس کی پروازوں کو ایندھن ملنے لگا۔