مسلم لیگ ن کی نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 12 اکتوبر 1999ء کے یومِ سیاہ کو 24 سال مکمل ہو گئے، نواز شریف نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا۔
مریم نواز سے این اے 126 اور 130کے یوسی چیئرمینز، کونسلرز اور کارکنان کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں 21 اکتوبر کو نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنایا، نواز شریف کو دھمکی اور لالچ دیا گیا لیکن انہوں نے پاکستان کے دفاع اور وقار پر سمجھوتہ نہ کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کہا تھا کہ پاکستانی آزاد ہیں اور آزاد رہیں گے، ہمیں غلامی کی زندگی قبول نہیں، پاکستان اور عوام کے حق کے لیےکھڑا ہونا نواز شریف کی روایت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مشکلات میں گھرے پاکستان کو آج پھر نواز شریف کی ضرورت ہے، سب خراب ہونے کے بعد اب سب ٹھیک کرنے کے لیے ان کی ضرورت ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ملک و قوم سے وعدے نبھانا اور مشکلات سے نکالنا ہی نواز شریف کی روایت ہے، ملک اور قوم کو زخم لگتے ہیں اور ہر بار نواز شریف آ کر مرہم رکھتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کے وقار اور قومی مفادات کے تحفظ کی جنگ لڑی ہے اور اب ایک بار پھر عوام اور ملک کو بچانے واپس آ رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ایٹمی قوت پاکستان کو معاشی قوت بنائیں گے اور یہی ایجنڈا پورا کرنے نواز شریف آ رہے ہیں، پاکستان کے دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے والا نواز شریف قوم کو معاشی قوت بنائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام نواز شریف کو دو تہائی ووٹ دیں، وہ آپ کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، عوام نواز شریف کا ساتھ دیں کیونکہ ہمیشہ انہوں نے عوام کا ساتھ دیا ہے۔