مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ سیاسی استحکام کیلئے عوام نواز شریف کا ساتھ دیں، سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی ترقی ہوگی۔
لاہور میں مریم نواز سے این اے 134 کی یونین کونسلز کے چیئرمین، کونسلرز اور کارکنوں نے ملاقات کی، ملاقات میں نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ عوام کی خدمت میں صرف نواز شریف اہل قرار پائے ہیں، مہنگائی سے نجات دلانے میں نواز شریف کے سوا سب نااہل ثابت ہوئے، نواز شریف آرہا ہے، مہنگائی سے نجات، پاکستان کی معاشی بحالی کا حل ساتھ لارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کو ایک ہی شخص نے ختم کیا، وہ ہے نواز شریف، نواز شریف وزیراعظم تھا تو عوام کو آٹا، گھی، چینی سب سستا ملتا تھا، نواز شریف گیا تو سستا آٹا، گھی، چینی سب عوام کی پہنچ سے نکل گیا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں نواز شریف وزیراعظم ہوگا تو ملک چلے گا، اُن کا گھر چلے گا، پاکستان کو امیر بنانا، عوام کی مہنگائی سے جان چھڑانا نواز شریف کا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو نواز شریف ہی متحد کرسکتا ہے، نواز شریف کے دل میں نفرت نہیں، عوام کی محبت ہے، غریبوں کا ساتھی غریبوں کی مدد کرنے واپس آرہا ہے۔
مریم نواز نے کارکنوں اور رہنماﺅں کی کوششوں کو سراہا، کارکنوں نے تقاریر میں کہا کہ قائد نواز شریف کا شاندار استقبال کرکے ایک نئی تاریخ بنائیں گے۔