• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کا انٹرنیٹ ٹریفک پاکستان سے گزارنے کیلئے تمام وسائل دستیاب ہیں، عمر سیف

نگراں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ چین کا انٹرنیٹ ٹریفک پاکستان سے گزارنے کیلئے ہمارے پاس تمام وسائل دستیاب ہیں۔

اسلام آباد میں پی ٹی اے، ایس سی او، ٹیلی کام آپریٹرز سمیت متعلقہ اداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمر سیف نے کہا کہ چین کو یورپ تک رسائی کیلئے پاکستان کے راستے مختصر اور بہترین متبادل راہداری دستیاب ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار کلومیٹر فائبر کیبل اور 6 ہزار موبائل ٹاورز منسلک ہیں، آپٹیکل فائبر کیبل کی تنصیب 3 لاکھ کلومیٹر اور 20 ہزار ٹاورز منسلک کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپٹیکل فائبر کیبل بڑھانے سے کنکٹیویٹی تیز اور فائیو جی اسپیکٹرم کیلئے آسانیاں ہوں گی۔

وزیر آئی ٹی نے رائٹ آف وے پالیسی کے تحت ٹیلی کام آپریٹرز کو درپیش مشکلات کا بھی نوٹس لیا اور حکام کو ہدایت دی کہ رائٹ آف وے کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دُور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خنجراب سے کراچی تک موجود آپٹیکل فائبر کیبل کو چائنیز ٹریفک کیلئے سب میرین کیبل سے ملایا جاسکتا ہے، مجوزہ منصوبے پر عملدرآمد سے پاکستان کو ملٹی ملین ڈالرز کا فائدہ ہوگا۔

ڈاکٹر عمر سیف نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے آئی ٹی و ٹیلی کام شعبے میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، ملک کے طول و عرض میں آپٹیکل فائبر کیبل کا جال بچھانے کیلئے اقدامات تیز کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید