شہید ملت کی برسی کے موقع پر مختلف ادارے اور تنظیمیں پروگرامز منعقد کرتی ہیں جس میں شہید ملت لیاقت علی خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ٹی وی اور ریڈیو پروگراموں میں شہید ملت کی زندگی کے کسی نہ کسی پہلو کو پیش کرکے ان کی شخصیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ پاکستان کا محکمہ ڈاک بھی اپنے محبوب قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کی یاد میں وقتاً فوقتاً ڈاک ٹکٹوں کا اجراء کرتا رہتا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے ابتدائی ڈاک ٹکٹوں کی منظوری بھی لیاقت علی خان نے ہی دی تھی۔زیر نظر مضمون میں ہم لیاقت علی خان پر شائع ہونے والے ٹکٹوں کی تفصیل ملاحظہ کریں۔
محکمہ ڈاک نے لیاقت علی خان کی شخصیت پر سب سے پہلا ڈاک ٹکٹ ان کی 23؍ویں برسی کے موقع پر 16؍اکتوبر 1974ء کو جاری کیا تھا اس کے ساتھ ساتھ ایک لیف لیٹ اور فرسٹ ڈے کور بھی جاری ہوا تھا جس کی مالیت 20؍روپے تھی۔ اس ٹکٹ کا ڈیزائن منور احمد نے ڈیزائن کیا تھا جس پر لیاقت علی خان کی سوٹ میں ایک خوبصورت تصویر تھی۔ تصویر کے نیچے لال رنگ سے ’’لیاقت علی خان وزیراعظم 14؍اگست 1947ء تا 16؍اکتوبر 1951ء‘‘ تحریر تھا۔
نواب زادہ لیاقت علی خان پر دوسرا ڈاک ٹکٹ 14؍اگست 1990ء کو ’’آزادی کے مجاہدین سیریز‘‘ کے عنوان سے جاری کیا گیا تھا۔ اس ٹکٹ کا ڈیزائن نیشنل کالج آف آرٹس، لاہور کے پروفیسر سعید اختر نے ڈیزائن کیا تھا جس میں لیاقت علی خان کو ٹائی سوٹ پہنے ہوئے دکھایا گیا تھا اور انگریزی میں ’’آزادی کے مجاہد لیاقت علی خان‘‘ تحریر تھا۔ ٹکٹ کے نیچے اردو اور انگریزی میں پاکستان تحریر تھا۔لیاقت علی خان کی شخصیت پر تیسرا ڈاک ٹکٹ یکم اکتوبر 1995ءکو ان کے صد سالہ یوم ولادت کے موقع پر جاری کیا گیا تھا۔
اس کا ڈیزائن عادل صلاح الدین نے ڈیزائن کیا تھا جس پر شہید ملت لیاقت علی خان کی ایک خوبصورت تصویر اور نیچے پاکستانی جھنڈا تھا جس کے نیچے انگریزی میں ’’1995ء صدسالہ یوم ولادت لیاقت علی خان‘‘ تحریر تھا۔ اس ٹکٹ کی مالیت ایک روپیہ پچیس پیسہ تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک فرسٹ ڈے کور اور لیف لیٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔ لیاقت علی خان کی شخصیت پر چوتھا ڈاک ٹکٹ پاکستان کی آزادی کی پچاسویں سالگرہ پر 14؍اگست 1997ء کو جاری کیا گیا تھا۔
یہ چار ٹکٹوں کا ایک خوبصورت سیٹ تھا جس پر قائداعظمؒ، علامہ اقبال، لیاقت علی خان اور محترمہ فاطمہ جناح یعنی چاروں رہنمائوں کی ایک ہی ٹکٹ پر رنگین فوٹوز کا سیٹ تھا۔ چاروں کی تصاویر کے درمیان میں پاکستانی پرچم اور گولڈن جوبلی تقریبات کا نشان دکھایا گیا تھا۔ اس ٹکٹ کی مالیت تین روپیہ تھی۔ لیاقت علی خان کی تصویر کے اوپر انگریزی میں ’’گولڈن جوبلی تقریبات 1947ء تا 1997ء‘‘ تحریر تھا۔ اس تصویر میں لیاقت علی خان کو شیروانی اور ٹوپی پہنے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ کونے پر نیلے رنگ سے ’’لیاقت علی خان‘‘ تحریر تھا۔
یہ تھیں ان ڈاک ٹکٹوں کی تفصیل جو لیاقت علی خان کی شخصیت پر کسی نہ کسی موقع پر جاری کئے گئے تھے۔ یہ ڈاک ٹکٹ ان کی شخصیت کی بھرپور عکاسی کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔