• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی عدالت میں پولیس افسروں کو سزا، 1 افسر سے پونچھا بھی لگوایا گیا




کراچی کے ضلع غربی کی ایک جوڈیشل عدالت کے حوالے سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک باوردی پولیس افسر عدالت میں پونچھا لگا رہا ہے جبکہ دوسرے پولیس افسر کو ہتھکڑی لگی ہے۔

سرجانی ٹاؤن پولیس کے مطابق یہ واقعہ 24 اور 27 جولائی 2023 کو عدالت میں پیشی سے منسلک ہے جب تھانہ سرجانی ٹاؤن کے شعبہ تفتیش کے انچارج سب انسپکٹر طارق محمود جوڈیشل مجسٹریٹ اینڈ سول جج کی عدالت میں پیش ہوئے۔ 

مجسٹریٹ نے عدالتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں دو روز قید کی سزا سنا دی اور ایس آئی او کو ہتھکڑی لگا کر عدالت سے روانہ کیا اور چکر لگوائے۔

تھانہ سرجانی ٹاؤن کے تفتیش کے انچارج اور ایک تفتیشی افسر کو انوکھی سزائیں دیں۔ 

پولیس کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے سرجانی ٹاؤن تھانے کے ہی سب انسپکٹر سہیل احمد کو گرفتار کر کے 7 دن کی سزا سنائی، پولیس افسر سے عدالت میں پونچھا بھی  لگوایا اور پھر ضمانت بھی نہیں لی۔ سب انسپکٹر عدالت سے 7 دن بعد رہا ہوئے۔ دوسرے سب انسپکٹر الیاس شاہ کو ہتھکڑی لگا کر 7 دن کے لیے جیل میں قید کی سزا دی۔

ایک اعلیٰ پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ متعلقہ عدالت کی جانب سے پولیس افسران سے اس طرح کا سلوک عام بات ہو گئی ہے۔ عدالت کی جانب سے معمولی بات پر پولیس افسران کو ہتھکڑی لگوا دی جاتی ہے۔ 27 جولائی کو سرجانی ٹاؤن تھانے کے دیگر تین افسران کو ہتھکڑی لگا کر پورے سٹی کورٹ میں گھمایا گیا۔

اے ایس ائی شبیر احمد تنولی کو بھی تین دن کے لیے جیل بھیجا جا چکا ہے۔

 اعلیٰ پولیس افسر کے مطابق اس سلسلے میں سرجانی ٹاؤن تھانے کے کم از کم 8 پولیس افسران نے تحریری شکایات جمع کروائی ہیں۔ جن کے ذریعے عدالتی چارہ جوئی کی جا رہی ہے اور منگل کو افسران اعلیٰ عدالت سے رجوع کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید