کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ کراچی میں سرکلر ریلوے چائناریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن (سی آر سی سی)بنائے گی۔دوبارہ فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جس کے مطابق کے سی آر پر 2.002 بلین ڈالرز کی لاگت آئے گی۔ کراچی سرکلر ریلورے کے 24 اسٹیشنز ہونگے اور یومیہ 650000 مسافر سفر کرینگے۔ یہ فیصلہ نگراں وزیراعلیٰ اور سی آر سی سی کے صدر مسٹر لی سما کی اور نائب صدر Ren Guangjie کے درمیاں بیجنگ میں سی آر سی سی ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کے سی آر کا سر کیولر روٹ تقریباً 43 کلومیٹر (27 میل) پر پھیلا ہوا ہے، جس میں کے سی آر شہر کراچی کے متنوع منظر نامے بشمول صنعتی زون، تجارتی اور رہائشی علاقوں کو جوڑتا ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے سٹی اسٹیشن، لانڈھی، ملیر، ڈرگ روڈ اور اورنگی جیسے اہم مقامات کو کور کرتا ہے، کے سی آر کی تعمیر سے سڑک کی نقل و حمل کا ایک قابل اعتماد متبادل پیش کرے گا۔ کے سی آر بننے سے ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے اور فضائی آلودگی سے نمٹنے میں اہم کردار ہوگا۔