روس کےصدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس اور چین پائیدار ترقی کے حصول کے لیے کام کر رہے ہیں۔
چین میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روس کے صدر نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے اہم اقدامات کی 10 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
روسی صدر نے کہا کہ فورم کے ذریعے ملکوں کو آپس میں جوڑنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، بینادی ڈھانچےکو جدید اور وسیع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ تجارتی سامان کی محفوظ اور جلد منتقلی کو یقینی بنا رہا ہے، روس رابطوں کے فروغ کے لیے سڑکوں کے ساتھ ریلوے ٹریک وسیع کرنے پر کام کر رہا ہے۔
روس کےصدر ولادیمیر پیوٹن نے مزید کہا کہ فورم کے تحت جاری منصوبوں کی کامیابی پر خوشی ہے، چینی صدر اور بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ بھی آج فورم سے خطاب کریں گے، ان کی چینی ہم منصب سے ملاقات ہو گی، پاکستان اور چین کے مابین مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
اس سے قبل گزشتہ روز نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مابین چین میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے خطے میں روابط کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا تھا۔