بیجنگ (اے پی پی) نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مابین یہاں ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات چین میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات کیلئے آمد پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے خطے میں روابط کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کئی علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ سوچ رکھتے ہیں، توانائی کے شعبے میں روسی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرینگے، مختلف شعبوں میں روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ جبکہ صدر پیوٹن نے کہا خطے کی معاشی ترقی کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے خطے میں روابط کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان اور روس یکساں موقف رکھتے ہیں، افغانستان میں امن و استحکام کیلئے بھی دوطرفہ تعاون اہمیت کا حامل ہے۔