لاہور(ٹی وی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں حنیف عباسی کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے لیگی رہنما کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس مس عالیہ نیلم اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بنچ نے فیصلہ سنایا۔ ٹرائل کورٹ نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں 21 جولائی 2018 کو حنیف عباسی کو 25سال قید اور 10لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے 11اپریل 2019 کو حنیف عباسی کی سزا معطل کرکے رہا کر دیا تھا جبکہ حنیف عباسی نے سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔ بریت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے مجھے سرخرو کیا، وکلاء اور فیملی کا مشکور ہوں جو برے وقت میں میرے ساتھ کھڑی ہوئی۔