پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی دبئی آمد کے خصوصی مناظر جیو نیوز پر سامنے آگئے۔
نواز شریف دبئی میں ایمریٹس ہلز پر اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار کی رہائش گاہ پر حسین نواز اور حسنین ڈار کے ساتھ پہنچے، وہ دبئی میں دو دن قیام کریں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کا پاکستان پہنچ کر مینار پاکستان پر جلسے میں بھرپور تقریر کرنے کا ارادہ ہے، قائد مسلم لیگ ن اپنی تقریر میں ملک کی ترقی کا لائحہ عمل دیں گے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اپنے قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں نیا پارٹی ترانہ بھی جاری کردیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی ترانہ ریلیز کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب نئی مسلم لیگ ن کا جنم ہوا ہے، مینار پاکستان کے میدان میں آپ نے تاریخ کا سب سے بڑا استقبال کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی سے متعلق ترانہ بنانے پر مریم نواز کو مبارک باد دیتا ہوں، یہ ترانہ نواز شریف کے استقبال کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف ملکی ترقی واپس لے کر آئے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ماضی بھی مسلم لیگ ن تھی، حال بھی مسلم لیگ ن ہے اور مستقبل بھی مسلم لیگ ن ہے، نواز شریف کی واپسی کیلئے کارکنوں نے بھرپور تیاری کی ہوئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف پاکستان آکر دوبارہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، شہباز شریف نے نواز شریف کا بازو بن کر پارٹی کا پرچم سر بلند رکھا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ شہباز شریف آپ نے اپنے بھائی نواز شریف کے ساتھ جو وفا نبھائی، 21 اکتوبر انہی وفاؤں کے صلے کا دن ہے۔