پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف رائے ونڈ میں اپنی رہائش گاہ جاتی عمرا پہنچ گئے۔
پارٹی قائد نواز شریف کے استقبال کے لیے لیگی کارکن بھی جاتی عمرا پہنچے، اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
نواز شریف گھر پہنچنے پر پہلے آبائی قبرستان گئے جہاں انہوں نے والدہ، والد اور بھائی عباس شریف کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
سابق وزیر اعظم نے اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی قبر پر بھی حاضری دی، قبر پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
نواز شریف نے خاندان کے دیگر مرحومین کی قبروں پر بھی فاتحہ خوانی کی، مریم نواز اور دیگر اہل خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد آج دوپہر وطن واپس پہنچے تھے، سابق وزیراعظم کے طیارے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا جہاں اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ نے پارٹی قائد کا استقبال کیا۔
اسلام ایئرپورٹ سے وہ لاہور ایئرپورٹ پہنچے جہاں انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہی قلعہ لایا گیا، نواز شریف نے ہیلی کاپٹر سے اترنے کے بعد نماز ادا کی۔