ریاض (شاہدنعیم) امریکی سینیٹرز کا ایک گروپ مشرق وسطیٰ کی جنگی صورت حال کے پیش نظر سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔ سینیٹروں کے گروپ میں ڈیمو کریٹس اور ری پبلکن دونوں کے نمائندے شامل ہونے کے علاوہ صدر جو بائیڈن کے مقرب خاص اور سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چئیرمین بھی شامل ہیں۔سینیٹرز اس خطرے کے بعد سعودی عرب پہنچے ہیں کہ غزہ کی لڑائی پورے خطے میں پھیل سکتی ہے۔ سینیٹرز کے اس گروپ کی قیادت ری پبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم کر رہے ہیں۔مشرق وسطیٰ کی اس ہنگامی صورت حال میں سعودی عرب پہنچنے والے امریکی قانون سازوں میں رچرڈ بلومینتھل، کوری بکر، کیٹی برٹ، بین کارڈن، سوسن کولنز، کرس کونز، جیک ریڈ، ڈین سلیوان اور جان تھون بھی شامل ہیں۔ لنڈسے گراہم کے دفتر کا کہنا ہے وفد کا ہدف امریکہ اور سعودی عرب کی خطے میں استحکام اور امن کے لیے مشترکہ دلچسپی ہے۔ تاکہ خطے کی ترقی و خوشحالی کا سفر آگے بڑھتا رہے۔