کراچی (نیوز ڈیسک) ٹک ٹاک معاہدے کے بدلے امریکی حکومت کو 12ارب ڈالر ملیں گے۔ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو ٹک ٹاک کے امریکی کاروبار کا کنٹرول حاصل کرنے کے حالیہ معاہدے کے تحت سرمایہ کاروں سے تقریباً 10 ارب ڈالر کی فیس موصول ہونے والی ہے۔ رپورٹ میں اس معاملے سے باخبر ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے۔ ٹک ٹاک کی چینی ملکیتی کمپنی بائٹ ڈانس نے جنوری میں ایک ایسے مشترکہ منصوبے کو حتمی شکل دی تھی جس کی اکثریت ملکیت امریکیوں کے پاس ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد امریکی صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ بنانا اور 200 ملین سے زائد امریکیوں کے زیر استعمال اس شارٹ ویڈیو ایپ پر ممکنہ پابندی سے بچنا تھا۔ ٹک ٹاک یو ایس ڈی ایس جوائنٹ وینچر ایل ایل سی ڈیٹا پرائیویسی اور سائبر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کے ذریعے امریکی صارفین کے ڈیٹا، ایپس اور الگورتھم کو محفوظ بنائے گا۔ تاہم، کمپنی نے اس علیحدگی یا اثاثوں کی فروخت کے بارے میں بہت کم تفصیلات ظاہر کی ہیں۔