غزہ سٹی( اے ایف پی) حماس کی ایران سے پڑوسی ممالک کو نشانہ نہ بنانے کی اپیل، ایران کو دفاع کا حق، مگر پڑوسی ممالک پر حملوں سے گریز ضروری، عالمی برادری سے جنگ فوری روکنے کا مطالبہ۔ قطر، ترکی اور عراق سمیت مختلف ممالک سے بھی ایران کیخلاف امریکی و اسرائیلی حملے روکنے میں کردار کی اپیل کی۔فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل اور امریکہ کے خلاف جاری جنگ کے دوران پڑوسی ممالک کو نشانہ بنانے سے گریز کرے، تاہم اس نے ایران کے دفاع کے حق کی حمایت بھی کی ہے۔ حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق جارحیت کا جواب دینے کا حق حاصل ہے، لیکن خطے کے دیگر ممالک کو حملوں سے محفوظ رکھا جائے۔ تنظیم نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فوری اقدامات کر کے 28 فروری سے جاری مشرق وسطیٰ کی جنگ کو روکنے میں کردار ادا کرے۔ حماس کے ایک عہدیدار کے مطابق تنظیم اس معاملے پر ایرانی حکام سے رابطے میں ہے اور قطر، ترکی اور عراق سمیت مختلف ممالک سے بھی ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی کارروائی روکنے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ دوسری جانب ایران نے امریکی اور اسرائیلی دباؤ کے باوجود کم از کم دس ممالک پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں جبکہ قطر نے ہفتے کو دوحہ کے قریب دو میزائل فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔