لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف لاہور سے مری چلے گئے ،مریم نواز ، پرویز رشید اور اسحاق ڈاربھی انکے ساتھ روانہ ہوئے،اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ نواز شریف کے ہمراہ انکی صاحبزادی سینئر نائب صدر (ن) لیگ مریم نواز شریف ، پرویز رشید اور اسحاق ڈاربھی مری روانہ ہوئے ۔ جاتی امراء رائے ونڈ سے روانگی کے موقع پر پارٹی کارکنوں کی جانب سے نواز شریف کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مری میں نواز شریف کی اہم ملاقاتیں متوقع ہے جبکہ وہ آج ( منگل ) 24اکتوبر کو مری سے اسلام آباد پہنچ کر عدالتوں کے روبرو سرنڈر بھی کریں گے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف عدالتوں میں پیشی کے بعد واپس مری جائیں گے جہاں 2سے 3روز قیام کا امکان ہے ۔قیام کے دوران وہ مختلف سیاسی رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور رابطوں کا سلسلہ بڑھائیں گے ۔