پنجاب کی نگراں کابینہ کی جانب سے نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطل کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے سزا معطل کروانے کیلئے محکمہ داخلہ کو درخواست دی تھی، نگراں وزیر اعلیٰ نے درخواست کا جائزہ لینے کیلئے نگراں وزراء پر مشتمل کمیٹی بنائی تھی۔
تحریری حکم نامے کے مطابق نگراں وزراء پر مشتمل کمیٹی نے نواز شریف کے وکلاء امجد پرویز اور عطا تارڑ اور ان کے معالج کو بھی تفصیلی سنا، معالج کے مطابق نواز شریف کی طبیعت ابھی مکمل ٹھیک نہیں، وہ جیل نہیں کاٹ سکتے۔
صوبائی وزراء، بیوروکریٹس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب پر مشتمل کمیٹی نے اس معاملے پر سفارشات بھی بھیجیں اور ماضی کی مثالوں اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں نواز شریف کی سزا معطل کرنے کی سفارش کی۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کمیٹی کی سفارشات منظور کرنے کا حکم جاری کیا۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ اور کابینہ ارکان کی منظوری کے بعد نواز شریف کی سزا معطل کی جاتی ہے۔