• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، شہریوں کا ڈیٹا بنے گا،مقامی، غیرمقامی کی شناخت ہوسکے گی، سیف سیٹی پراجیکٹ کے تحت کیمرے لگیں گے، چوہدری نثار

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، جنگ نیوز)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے بعد کراچی کو سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کیمروں سے لیس کیا جائے گا، کراچی کے شہریوں کا ڈیٹا تیار کیا جائے گا، اس بات کا ریکارڈ رکھا جائے گا کہ کون مقامی اور کون غیر مقامی ہے، کراچی کے واقعات فورسز کیلئے چیلنج ہیں، دہشت گردوں پر زمین تنگ کر دی، ہمیں نفسیاتی جنگ بھی جیتنا ہوگی، چیف جسٹس کے بیٹے کا اغوا اور امجد صابری کے قتل کے واقعات دہشت گردوں کی مایوسی کے عکاسی کرتے ہیں،قوم اکا دکا واقعات سے مایوس نہ ہو، امجد صابری کے قاتلوں کو گرفتار اور اویس شاہ کو بازیاب کرائیں گے، سندھ پولیس میں 20 ہزار بھرتیوں کیلئے پاک فوج معاونت کریگی، اقتصادی راہداری بچانے کیلئے خصوصی قانون زیر غور ہے، جے آئی ٹی کو قانونی حیثیت دینے کی تجویز پر بھی غور ہو رہا ہے، صوبائی اور وفاقی حکومتوں میں اختلافات سیکورٹی فورسز کیلئے رکاوٹ ہیں، سوشل میڈیا پر بعض عناصر بہت غلط گیم کھیل رہے ہیں،دیکھنا ہوگا کہیں بھارتی خفیہ ایجنسی را تو مایوسی نہیں پھیلارہی، وزیر اعظم عید کے بعد وطن واپس آئینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پنجاب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ 2013 میں ہر روز 5، 6 دھماکے ہوتے تھے تاہم گزشتہ ڈیڑھ دو سال سے سیکورٹی صورت حال میں بہت بہتری آئی، حالات مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئے لیکن ہم دہشت گردوں کے خلاف زمینی جنگ جیت رہے ہیں اس لئے ایک دو واقعات سے قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہیے لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے حالات بہتر ہوں لیکن کئی مہینوں بعد ایک واقعہ ہو جائے تو پچھلی ساری محنت ضائع ہو جاتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ دنیا میں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کو قبول کیا جا رہا ہے، امریکا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 45 فیصد کمی آئی ہے، دہشت گردی کے واقعات میں ہونے والی اموات میں 39 فیصد کمی آئی، کراچی جرائم میں پہلے چھٹے نمبر پر تھا تاہم اب 32 ویں نمبر پر ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ شہر کے حالات میں بہتری آئی ہے۔ امجد صابری کے قاتل اور اویس شاہ کو اغوا کرنے والے ملزمان بچیں گے نہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔چوہدری نثار نے کہا کہ کراچی کو بھی اسلام آباد کی طرز کے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کیمروں سے لیس کریں گے، عید کے بعد کرائم ڈیٹا بیس فریم ورک پر کام شروع کیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاق نے تمام صوبوں کی بھرپور معاونت کی ہے اور آئی بی نے سب سے زیادہ کراچی کو مدد فراہم کی، الزام لگانے والوں کو آئینہ دکھانے کا بہت دل چاہتا ہے لیکن ناقدین کو بتانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی پر سیاست اور پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہوتی۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف نفسیاتی جنگ جیتنے کے لئے علمائے کرام کو بھی متحرک کریں گے اور انھیں بھی ایک صفحے پر لائیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں میڈیا کا کردار بھی بہت اہم اور قابل تعریف رہا ہے، سندھ پولیس میں 20 ہزار بھرتیوں کے لئے پاک فوج معاونت کرے گی تاکہ بھرتیوں کے نظام کو شفاف بنایا جا سکے۔وزیرداخلہ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کا کلیدی کردار ہے، ہماری سیکیورٹی فورسز کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں بھتہ خوری، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے، دہشت گردوں کے گرد زمین تنگ ہوئی تو انہوں نے ہائی ویلیو سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ آج دہشت گرد مایوس ہیں، ہم سب کو احساس ہونا چاہیے کہ سیکورٹی صورت حال میں بہتری آئی ہے اس میں ہماری افواج اور دیگر فورسز کا خون شامل ہے، ہم ایسی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں ہم اور ہماری فورسز تو سامنے ہیں لیکن ہمارا دشمن آبادیوں میں چھپا ہوا ہے اور ان سے بہت سے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں، جب کسی کو پکڑ لیا جاتا ہے تو سیکورٹی فورسز کو ان کے خلاف کارروائی کیلئے بہت سے قانونی و آئینی مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ کراچی میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والے واقعات پر جس طرح پوسٹ مارٹم ہوا اس سے ہماری فورسز کے جوانوں کا مورال کیا بلند ہوگا، اس وقت تو پورے قوم کو ہماری سیکیورٹی ایجنسیوں کا حوصلہ بڑھانا چاہئے۔چوہدری نثار نے کہا کہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں اور ملک میں خانہ جنگی کی صورت ہے لیکن کوئی ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوتا ہے تو آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے خلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہو جاتی ہیں لیکن ہمیں عوام میں مایوسی پھیلانا ہمارے دشمن کی حکمت عملی کا حصہ ہے اس لئے ہمیں دہشت گردوں کے خلاف یکجا اور ثابت قدم ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعض عناصر بہت غلط گیم کھیل رہے ہیں، دیکھنا ہو گا کہ سوشل میڈیا پر کہیں ’را‘ تو عوام میں مایوسی نہیں پھیلا رہی۔ اقتصادی راہداری منصوبہ جہاں ہمارے لئے بہت اہم ہے اسی طرح سی پیک ہمارے دشمنوں کے لئے اہم ترین ٹارگٹ ہے لیکن دہشت گرد جان لیں کہ ہمارا عزم اور حوصلہ کسی صورت کمزور نہیں ہوگا۔وزیرداخلہ نے وزیراعظم نوازشریف کے حوالے سے بتایا کہ وہ عید کے بعد وطن واپس آئیں گے اورصحافیوں کے ساتھ تفصیلی نشست رکھیں گے۔ایک سوال پر انہوںنے بتایا کہ کراچی سے متعلق بہت اہم فیصلے ہوئے، سندھ پولیس میں 2 ہزار سابق فوجی بھرتی کیے جائیں جس کے لیے پاک فوج بھرتیوں اور تربیت میں مدد دے گی، سندھ پولیس میں 20 ہزار نئے اہلکار بھی بھرتی کیے جائیں گے جن کی بھرتیوں اور ٹریننگ میں بھی آرمی معاونت کرے گی۔اے پی پی کے مطابق کراچی کو ایریاز میں تقسیم کیا جائے گا اور اسلام آباد کی طرز پر یہ کام کیا جائے گا، نیکٹا کی قیادت میں کرائم ڈیٹا کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا تاکہ کرائم ریکارڈ کے حوالہ سے وفاق اور صوبے ایک پیج پر ہوں۔ اجلاس میں جے آئی ٹی کی قانونی حیثیت کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
تازہ ترین