ضلع کچہری لاہور کی عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے خدیجہ شاہ کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد کی عدالت میں خدیجہ شاہ کے خلاف سماعت ہوئی۔
عدالت نے خدیجہ شاہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے خدیجہ شاہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ایف آئی اے کے وکیل نے دورانِ سماعت عدالت میں کہا کہ 9 مئی کو خدیجہ شاہ نے اشتعال انگیز ٹوئٹ کیے، ان کے ٹوئٹ ابھی تک ری ٹویٹ ہو رہے ہیں۔
خدیجہ شاہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خدیجہ شاہ 5 ماہ سے جیل میں ہیں، ان کے سینئر کونسل ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ خدیجہ شاہ کو ایف آئی اے لاہور کی جانب سے جیل سے اپنی حراست میں لیا گیا تھا، ایف آئی اے انہیں جسمانی ریمانڈ کے لیے آج عدالت میں پیش کیا تھا۔