پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حسن علی کی اہلیہ سامعہ خان نے آبائی وطن بھارت میں سیر سپاٹے تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔
شادی کے 4 برس بعد یہ پہلا موقع ہے جب سامعہ خان اپنے وطن بھارت واپس آئی ہیں، جس کی تصاویر و ویڈیوز انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔
انہوں نے پہلے حیدر آباد اور احمد آباد کی سیر کی، پھر باری آئی گُڑگاؤں اور کلکتہ کی، اب وہ بنگلورو میں موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں سامعہ خان کو پاکستانی ٹیم کے ہمراہ مختلف بھارتی شہروں کا دورہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
قومی ٹیم کے مختلف میچز کے موقع پر وہ اسٹیڈیم میں اپنے شوہر حسن علی کا حوصلہ بڑھاتی ہوئی دکھائی دیں۔
اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر تصاویر میں انہیں قومی ٹیم کے بنگلا دیش کے خلاف ہونے والے حالیہ میچ کے موقع پر اپنی 2 برس کی بیٹی حلینہ حسن علی کے ہمراہ میچنگ کرتے ہوئے سرخ جوڑے میں ملبوس بھی دیکھا گیا۔
خیال رہے کہ سامعہ خان بھارتی مسلمان شہری ہیں جو شادی سے قبل دبئی میں مقیم تھیں۔
پاکستانی بولر حسن علی سے 2019ء میں شادی کے بعد سے اب تک وہ بھارت واپس نہیں گئی تھیں۔
حالیہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں فاسٹ بالر نسیم شاہ کی انجری کے بعد حسن علی کی ٹیم میں شمولیت کے سبب سامعہ خان کو تقریباً 4 برس بعد اپنے وطن واپس جانے اور اہلِ خانہ و عزیز و اقارب سے ملنے کا موقع ملا ہے۔