• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈکپ: جنوبی افریقہ کو 243 رنز سے شکست، بھارت کی مسلسل آٹھویں کامیابی

فوٹو بشکریہ کرک انفو
فوٹو بشکریہ کرک انفو

ورلڈکپ کا ایک اور میچ بھارت نے یک طرفہ مقابلے کے بعد جیت لیا، ایونٹ کے 37ویں میچ میں جنوبی افریقہ کو 243 رنز سے شکست دیدی۔

بھارت نے جنوبی افریقہ کو جیت کےلیے 327 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں ان فارم جنوبی افریقی ٹیم 83 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ میچز کی طرح آج بھی بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور انہوں نے 24 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔

بھارت کی پہلی وکٹ 62 پر جبکہ دوسری وکٹ 10.3 اوورز میں 93 رنز پر گری۔

روہت شرما اور شُبمن گِل کے آؤٹ ہونے کے بعد ویرات کوہلی اور شریاس ایّر نے شاندار پارٹنرشپ بنا کر بڑے ٹوٹل کی بنیاد رکھی۔ 

ویرات کوہلی نے 121 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر کیریئر کی 49ویں سنچری مکمل کی جبکہ شریاس ایّر 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

بھارت کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما نے 40، شبمن گل نے 23، سوریا کمار یادیو نے 22 جبکہ رویندرا جڈیجہ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہوم ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی اینگیڈی، مارکو یانسن، کگیسو رباڈا، تبریز شمسی اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی بلے بازوں کی ایک نہ چلی اور پوری ٹیم 28ویں اوور میں 83 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 

آل راؤنڈر مارکو یانسن 14 رنز بنا کر نمایاں رہے، راسی وندر ڈوسن نے 13 رنز بنائے جبکہ ٹیمبا باووما اور ڈیوڈ ملر نے 11، 11 رنز بنائے۔ 

بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے 5 وکٹیں لیں۔ محمد شامی اور کلدیپ یادیو نے دو دو جبکہ محمد سراج نے ایک وکٹ لی۔

شاندار سنچری پرفارمنس پر ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

یہ بھارت کی ایونٹ میں مسلسل آٹھویں کامیابی ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی بھارت 16 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے جبکہ جنوبی افریقہ کا دوسرا نمبر ہے۔ 

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی ورلڈکپ سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید