لاہور (این این آئی) سموگ کی روک تھام کے لیے حکومت پنجاب نے بھارت کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات کو جلایا جا رہا ہے،محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے اس حوالے سے حکومت پنجاب کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں کہا گیا کہ بھارتی پنجاب کے علاقوں میں فصلوں کی باقیات کو جلایا جا رہا ہے، گوگل امیجز سے بھارت میں فصلوں کی باقیات کو لگنے والی آگ کو دیکھا جا سکتا ہے۔محکمے کے مطابق بھارت کے شہر جالندھر،لدھیانا میں سب سے زیادہ آگ لگائی جارہی ہے جبکہ پاکستان میں لاہور ، شیخوپورہ ، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں فصلوں کی باقیات کو جلایا جا رہا ہے، ڈپٹی کمشنرز ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں۔ڈی جی تحفظ ماحولیات پنجاب ظہیر عباس ملک نے کہا کہ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس بڑھنے کی بڑی وجہ بھارت ہے، پنجاب میں آلودگی پھیلانے والے عناصر کو تو روکا جا سکتا ہے لیکن بھارت سے آنے والی ہوائوں کو نہیں، لہٰذابھارت کو خط لکھ کر اس پر اسموگ کی روک تھام کے لئیدبا ئوڈالا جائے۔