مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آئندہ الیکشن مل کر لڑنے کا اعلان کر دیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر، میاں محمد شہباز شر یف کی دعوت پر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے وفد نے لاہور میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔
ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور ن لیگ کے درمیان لاہور میں ہونے والی ایک گھنٹے سے زائد طویل ملاقات میں عام انتخابات، انتخابی اتحاد اور موجودہ سیاسی صورتِ حال پر گفتگو ہوئی۔
ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار شامل تھے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کے دوران مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، قائد نواز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، مریم اورنگزیب، رانا ثناء اللّٰہ، خواجہ سعد رفیق اور پرویز رشید بھی دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ موجود تھے۔
پاکستان مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کا مشترکہ اعلامیہ
اہم ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں نے عوام کو مسائل سے نکالنے، پاکستان کو ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر اتفاق کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں نے 6 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کمیٹی سندھ بالخصوص شہری علاقوں کے مسائل کے حل کے لیے جامع چارٹر تیار کرے گی۔